لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی ضمانت منظور کر لی

5:00 PM 15 may

اسلام آباد (خبر نامہ 92) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی ضمانت منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ جسٹس علی باقر دوران سماعت نے استفسار کیا ملزم کس ریمانڈ پر ہے؟ نیب کے وکیل نے کہا ملزم جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہے۔ نیب وکیل نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزامات پر گواہوں کے بیانات پڑھنا شروع کر دیئے۔ کمرہ عدالت کے باہر شور پر فاضل بنچ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ باہر کھڑے لوگوں کو خاموش کروایا جائے۔ جس پر علیم خان کے وکیل نے کہا لوگ ہماری سپورٹ کیلئے موجود نہیں ہیں۔ نیب کے وکیل نے کہا علیم خان نے زمین کی قیمت کم دکھائی۔ سٹس علی باقر نے کہا یہ سب تو علیم خان نے گوشوارے میں لکھ دیا ہے۔ آپ یہ بتائیں ان کے سورسز تھے؟ نیب کے وکیل نے کہا تخمینہ کارکا بیان موجود ہے۔ جسٹس علی باقر نے کہا بیرون ملک سے اتنے پیسے آئے، فلاں اکائونٹس سے پیسے آئے، اسطرح کچھ بتائیں؟ تفتیشی افسر نے کہا بیرون ملک سے رقوم منتقل ہوئیں۔ جسٹس علی باقر نے استفسار کیا کہ کیا وہ رقوم غیر قانونی تھیں؟ تفتیشی افسر نے کہا انکے والد اور والدہ کا کوئی سورس پاکستان میں موجود نہیں ہے ۔ علیم خان کے والد اور والدہ سرکاری ملازم تھے۔علیم خان 50 کروڑ روپے کی وضاحت نہیں دے سکے۔ علیم خان کے اکائونٹنٹ نے بھی بیان میں کہا کہ پیسے ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھیجے گئے۔ وکیل علیم خان نے کہا کہ نیب دستاویزات کے ذریعے ثابت کرنا ہے کی اثاثے آمدن سے زائد ہیں , محض گواہوں کی بنیاد پر آمدن سے زائد اثاثوں الزام عائد نہیں کیا جاسکتا۔ جس پر نیب کی جانب سےعلیم خان کے مشکوک بینک ٹرایکشنزاور سرمایہ کاری کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں ، نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ ذرائع آمدن اور اخراجات میں توازن نہیں ، کئی ملین کے اثاثے ظاہر نہیں کئے گئے۔ وکیل علیم خان کا کہنا تھا آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نےعلیم خان کو بلاجواز گرفتار کیا، تفتیش میں نیب آج تک کوئی الزام ثابت نہیں کر سکا، شواہد نہ ہونے کے باعث نیب ریفرنس دائر نہیں کر رہا۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ علیم خان کے خلاف ٹھوس مواد موجود ہے۔ جسٹس علی باقر نے نیب کے وکیل سے پوچھا آپ کی تفتیش کی کیا پوزیشن ہے؟ نیب کے وکیل نے کہا تفتیش جاری ہے، ہم وقت نہیں بتا سکتے کہ کب تفتیش مکمل ہو گی۔ ریفرنس تیاری کے مراحل میں ہے تفتیشی رپورٹ جلد مکمل کرلی جائے گی۔ دلائل کے بعد لاہورہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنی کیس میں علیم خان کی ضمانت منظور کرلی اور علیم خان کو 10 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا۔ جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی ضمانت منظور کر لی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

Related Post